جموں و کشمیر
جموں و کشمیر بی جے پی صدر ست شرما کا دو ہلاک ایس پی اوز کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
جموں، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ست شرما نے جمعرات کو کشتواڑ میں دورانِ ڈیوٹی جان قربان کرنے والے دو بہادر اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ایس پی اوز بابی چند اور رشپال کمار گزشتہ رات سے لاپتہ تھے۔ جمعرات کی صبح ان کی لاشیں کشتواڑ کے دچھن علاقے میں پُراسرار حالات میں برآمد ہوئیں۔
ایک بیان میں مسٹر شرما نے دونوں اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی اوز ملک کی سلامتی کی اگلی صف میں رہ کر انتہائی مشکل حالات میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور عوام کے تحفظ کی ذمہ داری انجام دیتے ہیں۔ ان کی بہادری، عزم اور مادر وطن کے لیے عظیم قربانی دینے کا جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جن کی قربانی ملک کو دشمن طاقتوں کے خلاف اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کا حوصلہ دیتی ہے۔
مسٹر شرما نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور ایشور سے دعا کی کہ آنجہانی کی آتما کو شانتی دے اور ان کے اہل خانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری سے درجہ حرارت میں کمی
سرینگر، وادیِ کشمیر کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو ہونے والی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کے باعث پورے خطے کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ شمالی کشمیر میں نسبتاً زیادہ بارش ہوئی۔
سرینگر میں واقع محکمہ موسمیات کے مرکز کے مطابق، صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے کے درمیان گلمرگ سب سے زیادہ بارش والے مقامات میں شامل رہا، جہاں 14.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کپواڑہ میں 14.3 ملی میٹر، پہلگام میں 3.4 ملی میٹر اور سری نگر میں 1.6 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں ہلکی بوندا باندی درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ گلمرگ، سونمرگ، بانڈی پورہ، گریز، تلیل اور مغل روڈ کے آس پاس کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث دن کا درجہ حرارت معمول سے کافی نیچے آ گیا ہے۔
سرینگر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے 5.5 ڈگری کم ہے۔ وادی کے میدانی اسٹیشنوں میں کپواڑہ سب سے سرد رہا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 7.6 ڈگری نیچے گر کر 8.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4.0 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ پہلگام میں رات کا درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، 13 نومبر کی دوپہر سے قبل تک بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
عمر عبداللہ کا اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت کے عارضی اسٹاپ کو مستقل کرنے کا مطالبہ
سری نگر، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے مطالبہ کیا ہے کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کے عارضی اسٹاپ کو مستقل اسٹاپ میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیشن جنوبی کشمیر کے مسافروں کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مسٹر ویشنو کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کے عارضی اسٹاپ کا جموں و کشمیر کے لوگوں نے دل سے خیرمقدم کیا ہے اور اس سے مسافروں کو کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اننت ناگ جنوبی کشمیر کا ایک اہم تجارتی اور ٹرانسپورٹ مرکز ہے، جو آس پاس کے کئی اضلاع کی بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مستقل اسٹاپ کی سہولت فراہم کیے جانے سے بڑی تعداد میں مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے ریل خدمات تک لوگوں کی رسائی بہتر ہوگی اور علاقے میں تجارت، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے جموں اور سری نگر کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس سروس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس کا آغاز ریل رابطوں کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے کی سمت ایک بڑی کامیابی ہے۔
عمر عبداللہ نے اپنے خط میں لکھاکہ ”لہٰذا میں آپ سے ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی درخواست کرتا ہوں تاکہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت کے عارضی اسٹاپ کو مستقل اسٹاپ میں تبدیل کیا جاسکے۔ براہ کرم جنوبی کشمیر کے عوام کی حقیقی ضروریات اور ان کی توقعات کو مدنظر رکھیں۔”
انہوں نے اس درخواست پر مثبت غور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس اسٹاپ کو مستقل طور پر جاری رکھنا عوامی مفاد کا ایک اہم معاملہ ہے۔
جموں و کشمیر میں ریل رابطوں کے فروغ کے حوالے سے وندے بھارت ایکسپریس سروس ایک اہم کامیابی ثابت ہوئی ہے۔ اپنی تیز رفتار کے باعث اس نے کشمیر وادی اور جموں خطے کے درمیان سفر کو کافی آسان اور سہل بنا دیا ہے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
الطاف بخاری کا ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے عام معافی کا مرکز سے مطالبہ
سرینگر، اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جمعرات کو مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ 1990 کی دہائی اور اس کے بعد ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے تمام افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر کے عوام اب امن اور معمول کے حالات کی راہ اختیار کرچکے ہیں، اس لیے ماضی میں گمراہ ہونے والے تمام افراد کو معاف کرکے معمول کی زندگی گزارنے کا ایک موقع دیا جانا چاہیے۔
مسٹر بخاری نے یہ اپیل سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ 1990 کی دہائی میں بعض نوجوانوں کو گمراہ کرکے ایسے بیانیے کی پیروی پر آمادہ کیا گیا تھا جو ملک کے امن اور استحکام کے خلاف تھا۔
انہوں نے کہاکہ ”تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔ ان میں سے بہت سے لوگ قومی دھارے میں واپس آچکے ہیں اور اس وقت سرگرم رہنے والے رہنماؤں کے بچے اور پوتے نواسے بھی اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔”
اپنی پارٹی کے صدر نے کہاکہ ”حالات میں اس تبدیلی کے پیش نظر میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسے تمام افراد کے لیے عام معافی دینے پر غور کیا جائے اور انہیں معاشرے کے قومی دھارے میں مکمل طور پر دوبارہ شامل ہونے کا موقع فراہم کیا جائے۔”
مسٹر بخاری نے کہا کہ ان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی وجہ سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات کے باعث بہت سے افراد نہ تو سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت حاصل کرپارہے ہیں اور نہ ہی پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں، جس سے ان کی معمول کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے متعدد نوجوانوں کو پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمت حاصل کرنے اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے یہ سرٹیفکیٹ ضروری ہے، لیکن اس کی عدم دستیابی نوجوانوں کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ”بہت سے نوجوانوں کو اس وجہ سے پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ نہیں دیا جارہا ہے کہ ان کے خاندان کے بعض افراد 1990 کی دہائی کے ہنگامہ خیز حالات میں ملوث رہے تھے۔ اس طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو ان کے خاندان کے افراد کے اقدامات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے یا مواقع سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔”
اپنی پارٹی کے صدر نے موجودہ ریزرویشن پالیسی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ اور میرٹ کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ پالیسی موجودہ شکل میں جاری رہی تو جموں و کشمیر میں کشمیری نوجوان ملازمتوں کے مواقع سے بتدریج محروم ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 70 فیصد ملازمتیں مختلف زمروں کے لیے محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ریزرویشن پالیسی خاص طور پر وادی کشمیر کے لوگوں کے لیے ناانصافی پر مبنی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے پہلے ہی بے پناہ مشکلات برداشت کرتے آئے ہیں۔
مسٹر بخاری نے کہاکہ ”دو لاکھ کشمیری قبرستانوں میں دفن ہیں، ہزاروں افراد جیلوں میں قید ہیں اور اب لوگوں کو روزگار کے مواقع سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ غیر منصفانہ ریزرویشن پالیسی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔”
یواین آئی۔ظ ا
-
دنیا1 week agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
دنیا1 week agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
جموں و کشمیر6 days agoامریکی سینیٹر کے انتخاب پر خوشی کے اظہار کے درمیان انجینئر رشید کی قید پر سیاسی رہنماؤں کی خاموشی: اے آئی پی
-
دنیا1 week agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
ہندوستان7 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
دنیا6 days agoوسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی جیت کے باعث امریکہ کو 3 لاکھ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا: ٹرمپ
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
دنیا1 week agoزیلنسکی کو امید، امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت سے یوکرین کو مزید مدد ملے گی
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
ہندوستان7 days agoووٹ چوری کا دفاع نہیں کر سکتے، اسی لیے مودی راہل کا چیلنج قبول نہیں کر رہے: کانگریس
-
جموں و کشمیر1 week agoجعلی دستخط والے چیک جاری کرنے کے الزام میں پلوامہ کے شخص کے خلاف جرم داخل
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر ریپبلکن پارٹی کا دباؤ بڑھ گیا
