ہندوستان
مودی جمعہ کو کرناٹک اور گجرات کا دورہ کریں گے، 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیں گے
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ اور ہفتہ کو کرناٹک اور گجرات کے دورے پر رہیں گے، جہاں وہ بنگلورو میں 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، قوم کے نام وقف اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں میں شہری نقل و حمل، بجلی، قابل تجدید توانائی، پٹرولیم، کچرے کے انتظام اور ریلوے سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کو بتایا کہ مسٹر مودی بنگلورو میٹرو کی پنک لائن کے کیلینا اگراہارا سے تاورے کیرے حصے کا افتتاح کریں گے اور تاورے کیرے سے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو میٹرو اسٹیشن تک سفر بھی کریں گے۔ وہ منگلورو میں ملک کے سب سے بڑے زیر زمین ایل پی جی ذخیرہ کرنے کے مرکز کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس کے علاوہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت ترقی دیے گئے چار ریلوے اسٹیشنوں چامراج نگر، چک مگلورو، ساکلیش پور اور سبرہمنیہ روڈ کا افتتاح بھی کریں گے۔
وزیر اعظم بنگلورو-منگلورو-مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ یہ ریل سروس کرناٹک کے ساحلی علاقوں اور گوا کے درمیان تیز رفتار ریل رابطہ فراہم کرے گی۔ وہ 45 کلومیٹر طویل باگل کوٹ-ونڈال ریلوے لائن کے دوہری کاری والے حصے اور 55 کلومیٹر طویل ساکلیش پور-سبرہمنیہ روڈ گھاٹ ریلوے سیکشن کی برقی کاری کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔
بنگلورو میں وزیر اعظم پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ گولڈن جوبلی انتظامی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کیرلم کے ترواننت پورم میں ایس-ویاس کے نئے کیمپس کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم بنگلورو کے ہرلاکنٹے میں گیل کے کمپریسڈ بایو گیس پلانٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ پلانٹ روزانہ تقریباً 300 ٹن شہری ٹھوس کچرے کو پراسیس کرکے 12.6 ٹن کمپریسڈ بایو گیس تیار کرے گا۔
جمعہ کو میسورو میں وزیر اعظم ‘بھارت ون’ میں شجرکاری پروگرام میں حصہ لیں گے اور کوسموس-میسورو پلانیٹیریم کا افتتاح کریں گے۔ یہ ملک کا پہلا ایل ای ڈی گنبد والا پلانیٹیریم ہے۔
چودہ نومبر کو وزیر اعظم گجرات کے بناس کانٹھا میں واقع امباجی مندر میں حاضری دیں گے اور پوجا کریں گے۔ یہ مندر 51 شکتی پیٹھوں میں سے ایک ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
مدر ڈیری کے دودھ کی قیمتوں میں جمعرات سے فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ ہوگا
نئی دہلی، دہلی-این سی آر علاقے میں دودھ کی اہم سپلائی کرنے والی کمپنی مدر ڈیری نے جمعرات سے دودھ کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 سے 4 روپے تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدر ڈیری کے سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔
ذرائع کے مطابق آپریشنل اخراجات میں ہونے والے اضافے کی جزوی تلافی کے مقصد سے دودھ کی قیمتوں میں یہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نئی قیمتیں کل سے ان تمام علاقوں میں نافذ ہوجائیں گی جہاں مدر ڈیری کا دودھ سپلائی کیا جاتا ہے۔
اس اضافے کے تحت فل کریم دودھ کی قیمت میں سب سے زیادہ 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کا پیکٹ 72 روپے کے بجائے اب 76 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
وہیں، مدر ڈیری کا مقبول گائے کا دودھ 3 روپے فی لیٹر مہنگا ہوکر 62 روپے کی بجائے 65 روپے فی لیٹر میں ملے گا۔
دودھ کی دیگر اقسام کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ٹوکن دودھ کی قیمت 58 روپے سے بڑھ کر 60 روپے، ٹونڈ دودھ کی قیمت 60 روپے سے بڑھ کر 62 روپے اور ڈبل ٹونڈ دودھ کی قیمت 54 روپے کی بجائے 56 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
تاہم، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے رابطہ کیے جانے پر مدر ڈیری کے سرکاری ترجمان نے فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے موسم میں قدرتی طور پر دودھ کی سپلائی میں کمی آجاتی ہے۔
یو این آئی۔ م ع
ہندوستان
چندہ چوری کی جانچ کا دائرہ وسیع کیا جائے، مالیاتی ریکارڈ عام کیے جائیں: کانگریس
نئی دہلی، کانگریس نے ایودھیا کے شری رام مندر میں چندہ کی مبینہ چوری کا معاملہ ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے جانچ کا دائرہ وسیع کرنے اور مکمل مالیاتی ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ مندر ٹرسٹ سے لے کر تعمیراتی کام، چندہ اور چڑھاوے کی گنتی اور انہیں بینک میں جمع کرانے تک کے انتظام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) سے وابستہ لوگ شامل رہے ہیں، اس لیے وہ چندہ چوری کی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس سے وابستہ سابق اکاؤنٹس انچارج مہیپال سنگھ نے 2021 میں ہی چندے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی اطلاع چمپت رائے اور گوپال راؤ کو دی تھی، لیکن کارروائی کرنے کے بجائے انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسی صورت میں چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کو چارج شیٹ میں ملزم کے بجائے گواہ کیسے بنا دیا گیا۔
مسٹر رمیش نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام سے وابستہ انجینئر دیناناتھ ورما نے ٹرسٹ کے دفتر سے متعلق کام میں 40 فیصد کمیشن مانگے جانے کا الزام لگایا تھا اور اس کی ایک آڈیو چمپت رائے کو سنائی تھی، جس کے بعد انہیں منصوبے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے ملزم انوکلپ مشرا کے بجرنگ دل اور آر ایس ایس سے مبینہ تعلق، ان کی بھاگوت کتھا میں چمپت رائے کی موجودگی، نیز گنتی کے عملے کے انچارج سبھاش شریواستو اور ملزم ٹنّو یادو کے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کروڑوں روپے کی گنتی کرنے والے کمرے میں تقرریوں کے لیے نہ کوئی اشتہار جاری کیا گیا اور نہ ہی انٹرویو ہوا، تو وہاں اپنے قریبی افراد کو تعینات کرنے والوں کی جانچ کیوں نہیں کی گئی۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 فروری 2020 کو لوک سبھا میں شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا، لیکن اس کے انتخاب کے معیار اور طریقۂ کار کو عام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے چندے کی مبینہ چوری کے معاملے میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ اسی ٹرسٹ کے حوالے کر دی گئی، جس کے عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزامات عائد تھے۔ ان کے مطابق یہ رپورٹ عوام سے پوشیدہ رکھی جا رہی ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ جواب دہی صرف گرفتار کیے گئے آٹھ ملازمین تک محدود نہیں رہ سکتی۔ مندر کی تعمیر، انتظام و انصرام اور چندے کے مکمل نظام سے وابستہ ہر ذمہ دار شخص کے کردار کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونی چاہیے۔
کانگریس نے مکمل مالیاتی ریکارڈ عام کرنے، جانچ کا دائرہ وسیع کرنے اور قصوروار پائے جانے والے تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ ایف اے
ہندوستان
وزیر اعظم مودی نے بھائی دوج کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد دی، بہن بھائیوں کے اٹوٹ رشتے کو سراہا
نئی دہلی، وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز بھائی دوج کے موقع پر ملک بھر کے لوگوں کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس تہوار کو بھائیوں اور بہنوں کے درمیان گہری محبت، اپنائیت اور مضبوط رشتے کا جشن قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”بھائی دوج کے مبارک موقع پر ملک بھر میں رہنے والے اپنے تمام اہل وطن کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔”
وزیر اعظم نے اس تہوار کی جذباتی اور ثقافتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھائی دوج بہن بھائیوں کے گہرے رشتے کی مٹھاس اور اپنائیت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”اس مبارک موقع پر میں سب کی خوشی اور خوش حالی کی پراتھنا کرتا ہوں۔”
بھائی دوج کا یہ تہوار بھائیوں اور بہنوں کے درمیان خاص رشتے کے نام ہوتا ہے۔ اس موقع پر بہنیں روایتی طور پر اپنے بھائیوں کے ماتھے پر تلک لگاتی ہیں اور ان کی خوشی، خوش حالی اور لمبی عمر کے لیے پراتھنا کرتی ہیں۔
اس کے جواب میں بھائی بھی اپنی بہنوں سے محبت اور ان کا ساتھ نبھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر خاندان کے افراد ایک جگہ جمع ہوتے ہیں، روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور تحائف کا تبادلہ ہوتا ہے۔
ملک بھر میں مختلف انداز سے منایا جانے والا بھائی دوج خاندانی رشتوں، باہمی محبت اور بہن بھائیوں کے درمیان نسل در نسل قائم رہنے والے مضبوط تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یو این آئی۔ ایم جے
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا1 week agoایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حکم دیا
-
ہندوستان1 week agoڈوبھال کی ویتنامی رہنماؤں سے سلامتی اور خفیہ معلومات کے تبادلے میں تعاون پر بات چیت
-
دنیا6 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں کے آتشزدگی سے متاثرہ شیو مارکیٹ کے دکانداروں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
-
دنیا1 week agoامریکہ اور اسرائیل نے دوبارہ ایران پر بمباری کی تو تہران کا ردعمل کیا ہوگا
-
دنیا6 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا6 days agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
