دنیا
جی 7 ممالک کا ایران سے آئی اے ای اے کے ساتھ دوبارہ تعاون شروع کرنے کا مطالبہ
واشنگٹن، جی 7 ممالک نے ایران سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ دوبارہ تعاون شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کے ‘اسنیپ بیک میکانزم’ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جون 2025 میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ایران نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون اور جوہری تنصیبات تک رسائی محدود کر دی تھی۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس ادارے کے ساتھ تعاون سے متعلق تمام فیصلے اس کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کرتی ہے۔
بدھ کو جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ ”ہم نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کرے۔ خاص طور پر وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ مکمل تعاون کرے، تاکہ اس کے جوہری پروگرام کی نوعیت کے بارے میں شفافیت بحال ہو سکے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں اور ان پابندیوں کو پوری طرح نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، جنہیں ستمبر 2025 میں ‘اسنیپ بیک میکانزم’ کے ذریعے دوبارہ نافذ کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ جی 7 ممالک نے ایران سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنانے کو کہا ہے۔ انہوں نے اس آبی راستے کو کھلا رکھنے کے لیے فرانس اور برطانیہ کی جانب سے اتحاد قائم کرنے کی پہل کی بھی حمایت کی ہے۔
انہوں نے ایران سے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تنازع میں یمن کی ‘انصار اللہ’ تحریک (جسے ‘حوثی’ بھی کہا جاتا ہے) کی حمایت بند کرے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران پر دوسرے ممالک پر حملے کرنے کا الزام عائد کیا، جس میں مبینہ طور پر برطانیہ کے ‘آر اے ایف فیئر فورڈ’ پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ٹرمپ ایران پر 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل کرے۔
ٹرمپ نے ویٹرنز ڈے (سابق فوجیوں کے دن) کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہاکہ”ہم جیت چکے ہیں۔
ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمیں 93 فیصد نہیں بلکہ مکمل فتح حاصل ہو۔”
ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کو ایران میں مزید کسی چیز کو تباہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ”ہم نے ایران میں جو کچھ تباہ کیا ہے، اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں اسے 25 سال لگ جائیں گے۔ امید ہے کہ ہمیں اس ملک میں مزید کچھ تباہ نہیں کرنا پڑے گا۔”
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا، جس کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی جوابی کارروائی کی تھی۔ جون کے وسط میں تہران اور واشنگٹن نے جنگ بندی کے مقصد سے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے، لیکن اس کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں جانب سے ایک بار پھر حملے شروع ہوگئے۔ فی الحال یہ تنازع حل نہیں ہو سکا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
دنیا
ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے نیتن یاہو کی قومی اتحاد حکومت بنانے کی اپیل، اپوزیشن نے تقریر کو ‘خیالی پلاؤ’ قرار دیا
یروشلم، اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ ایران اپنی جوہری صلاحیتوں کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا واحد راستہ ایران کے موجودہ آیت اللہ نظام کا خاتمہ ہے۔
منگل کو کنیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کو جلد بین الاقوامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ وہ ایران کو جوہری طاقت کے طور پر قبول کرے اور ایسے نظام کو برداشت کرے جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیل کی تباہی چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اسرائیل پر حالیہ سلامتی کامیابیوں اور سکیورٹی زون قائم کرنے میں ہونے والی پیش رفت سے پیچھے ہٹنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا اندازہ ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران کیے گئے حملوں سے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ تاہم، خیال کیا جاتا ہے کہ تہران اب بھی تقریباً ایک سے دو سال کے اندر جوہری ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
‘دی یروشلم پوسٹ’ کے مطابق نیتن یاہو نے کنیسٹ ارکان سے اپیل کی کہ وہ دیگر ترجیحات اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایسی حکومت ہی اسرائیل کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
ان کے خطاب کے دوران سابق وزیراعظم اور ‘بیاحد’ پارٹی کے کنیسٹ رکن نفتالی بینیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے مبینہ طور پر نعرہ لگایا، ”آپ کے قطری مشیران کا کیا؟ سات اکتوبر کے واقعات کی تحقیقات کا کیا ہوا؟” اس موقع پر نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ اور بیٹے یائر بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی ردعمل ظاہر کیا، تاہم ان کی باتیں سنائی نہیں دیں۔
‘یاشار’ پارٹی کے سربراہ گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی تقریر کو ”خیالی، تقسیم پیدا کرنے والی، نفرت سے بھری اور شرمناک” قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نیتن یاہو نے 26ویں کنیسٹ کی حلف برداری کی تقریب کے دوران اس پلیٹ فارم کا غلط استعمال کیا۔
آئزنکوٹ نے کہا کہ اس خطاب نے ان کے اس یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ نیتن یاہو کو عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعظم کو ”ایک منٹ بھی مزید عہدے پر رہنے کے نااہل” قرار دیتے ہوئے کنیسٹ سے قومی ہنگامی حکومت قائم کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی اقتدار میں مسلسل موجودگی اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
اس تنازع کے باعث ‘یاشار’ اور ‘لکڈ’ پارٹی کے درمیان مجوزہ اتحادی مذاکرات بھی متاثر ہوئے۔ ‘یاشار’ نے مذاکرات کے امکانات پر تبادلہ خیال کے لیے لکڈ کے نمائندوں کے ساتھ ابتدائی ملاقات طے کی تھی، لیکن نیتن یاہو کی تقریر کے بعد اسے منسوخ کر دیا۔
پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے حکومت کی تشکیل کے لیے طے کردہ چار اصولوں کی بنیاد پر کنیسٹ کے تمام دھڑوں کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کی کوشش کی تھی۔ آئزنکوٹ اور لکڈ کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان ملاقات اگلے روز طے تھی۔
تاہم، ‘یاشار’ کے مطابق آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی ”تقسیم پیدا کرنے والی تقریر” اور حلف برداری کی تقریب کے دوران ان کے ”شرمناک طرز عمل” کے خلاف احتجاجاً ملاقات منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ اس طرز عمل نے قیادت کے وقار کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔
اس پر لکڈ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور ان کی پارٹی اس مقصد کے لیے پرعزم کسی بھی دھڑے کے نمائندوں سے ملاقات کے لیے تیار ہے۔
لکڈ نے ملاقات منسوخ کرنے کے اپوزیشن کے فیصلے کو ”حیران کن” قرار دیا اور آئزنکوٹ کی قیادت والے دھڑوں پر الزام لگایا کہ وہ عرب جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے خواہش مند ہیں، حالانکہ کنیسٹ کی تقریب کے بعد ان جماعتوں کے ارکان قومی ترانے کے دوران ایوان سے واک آؤٹ کر گئے تھے۔
لکڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت قائم کرنے کی کوششوں کے لیے بدستور پرعزم ہیں۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا
غزہ جنگ کے ساتھ ماحولیاتی تباہی کا بھی شکار ہے: رجب طیب اردوغان
انطالیہ، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کو کہا کہ غزہ صرف جنگ کی تباہ کاریوں ہی نہیں بلکہ ایک سنگین ماحولیاتی بحران سے بھی دوچار ہے، جہاں صدیوں پرانے زیتون کے درخت تباہ کردیے گئے، آبی ذرائع آلودہ ہوگئے اور پورے کے پورے شہر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے انطالیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے تحت فریقین کی 31 ویں کانفرنس (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ماحولیاتی تباہی نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
اردوغان نے کہا، ”جیسا کہ میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بھی واضح کیا تھا، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ صرف نسل کشی نہیں بلکہ ایک ماحولیاتی تباہی بھی ہے۔ صدیوں پرانے زیتون کے درخت کاٹ دیے گئے، زمین آلودہ کردی گئی، پانی زہریلا ہوگیا اور شہر ملبے کے بڑے ڈھیروں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔”
غزہ میں بگڑتی انسانی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہزاروں خیمے اور عارضی پناہ گاہیں زیر آب آگئیں، جس سے بے گھر فلسطینیوں کی بڑی تعداد سخت سردی کے موسم میں بے یار و مددگار ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں فلسطینی، خصوصاً بچے، مناسب رہائش، تحفظ اور بنیادی سہولتوں کے بغیر زندگی بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔
اردوغان نے فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، ”انسانی امداد کو فوری طور پر اس خطے میں داخل ہونے دیا جانا چاہیے۔ تنہائی کی یہ پالیسی ختم ہونی چاہیے۔ اس ظلم اور جبر کا خاتمہ ہونا چاہیے۔” انہوں نے عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل بھی کی۔
ترکی کے صدر نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں شہریوں کی تکالیف کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔
موسمیاتی بحران کا ذکر کرتے ہوئے اردوغان نے خبردار کیا کہ انسانیت کو ماحولیاتی چیلنج کا سامنا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ ضرورت سے زیادہ کھپت اور قدرتی وسائل کا غیر پائیدار استعمال ہے۔
انہوں نے کہا، ”انسانیت کے پاس سر پر چھت کے طور پر صرف ایک آسمان ہے اور ہمارے پاس صرف ایک باغ ہے، یعنی زمین۔ ہمارے پاس کوئی دوسرا آسمان، دوسری زمین، دوسرا سمندر، دوسرا بحر یا دوسرا جنگل نہیں ہے۔”
انہوں نے عالمی حدت، حیاتیاتی تنوع میں کمی، ماحولیاتی انحطاط، غذائی عدم تحفظ اور شدید موسمی واقعات سے پیدا ہونے والے خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ نہیں ہے۔
اردوغان نے کہا کہ 31 سال قبل پہلی کوپ کانفرنس کے انعقاد کے بعد سے اگرچہ نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن موسمیاتی وعدوں پر عمل درآمد اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا، ”پیرس معاہدے میں طے شدہ اہداف کو پورا کرنے میں ناکامی کا ہر گزرتا منٹ ہمارے سامنے موجود خطرات اور اخراجات میں اضافہ کرتا ہے۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکی کوپ 31 کو مستقبل کی موسمیاتی کانفرنسوں کے لیے ایک عملی نمونہ بنانے میں کامیاب ہوگا۔
اردوغان نے کانفرنس کے انعقاد میں تعاون اور حمایت کے لیے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور برازیل و آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔
ترکی کے موسمیاتی عہد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک 2053 تک خالص صفر اخراج کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اپنی ”سبز ترقی” کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ توانائی، صنعت، ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں کو کاربن اخراج سے پاک کرنے اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق، 2017 میں ”زیرو ویسٹ” مہم کے آغاز کے وقت ترکی میں قومی ری سائیکلنگ کی شرح تقریباً 13 فیصد تھی، جس کے 2025 کے آخر تک بڑھ کر تقریباً 40 فیصد ہونے کی توقع ہے۔
اردوغان نے ترقی پذیر ممالک، بالخصوص کم ترقی یافتہ ملکوں اور چھوٹے جزیرہ نما ملکوں کے لیے موسمیاتی مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی میں اضافے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک، جنہوں نے تاریخی طور پر عالمی کاربن بجٹ کا بڑا حصہ استعمال کیا ہے، انہیں اخراج میں کمی اور موسمیاتی مالی معاونت کے سلسلے میں زیادہ ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔
ترکی نے کوپ 31 کے لیے 10 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں صاف توانائی کی جانب منتقلی، زیرو ویسٹ، غذائی تحفظ، صنعتی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے شہر اور سمندروں کا تحفظ شامل ہیں۔
اردوغان نے کہا، ”ہمیں اس سے پہلے کہ ہمارا سیارہ ناقابلِ رہائش بن جائے، آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف ستھری، سرسبز اور زیادہ منصفانہ دنیا چھوڑنی ہوگی۔”
یواین آئی ، م ع
-
دنیا1 week agoامریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں جنگ صرف خطے تک محدود نہیں رہے گی :ایرانی فوج
-
دنیا7 days agoشام اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ، 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں پر اتفاق
-
جموں و کشمیر1 week agoمیر واعظ کی مسلسل خانہ نظربندی کے باعث ایم ایم یو نے بانڈی پورہ میں علماء کی پہلی ضلعی سطح کی میٹنگ ملتوی کردی
-
دنیا7 days agoایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ بنی: جے ڈی وینس
-
دنیا7 days agoیمن میں حکومتی فوج کی کارروائی کو ایک ماہ مکمل، جنگ طویل محاذ آرائی میں تبدیل
-
دنیا1 week agoامریکی انتخابات کے نتائج کے بعد اسرائیلی سیاست دانوں نے زور دیا کہ نیتن یاہو بطور وزیرِاعظم اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے
-
ہندوستان6 days ago2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی منزل کا پہلا پڑاؤ اتراکھنڈ ہوگا: امت شاہ
-
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے 11 ڈمپر ضبط کیے، کانکنی مافیا کے خلاف مقدمہ درج، کٹھوعہ میں ایک شخص گرفتار
-
ہندوستان1 week agoریلوے نے اکتوبر میں مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کیا
-
دنیا1 week agoوسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی آخری انتخابی مہم، مہنگائی کے بجائے واشنگٹن کے تزئین و آرائش کے منصوبوں پر توجہ
-
ہندوستان1 week agoپارلیمنٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے میں تاخیر پر کانگریس کا سوال، حد بندی بلوں کے لیے خصوصی اجلاس بلانے ک…
-
جموں و کشمیر1 week agoعدالت نے ڈل جھیل میں ایندھن سے چلنے والی کشتیوں پر پابندی برقرار رکھی
